28 نومبر 2016 - 17:20
جنرل راحیل شریف کی صدر اور وزیر اعظم سے الوداعی ملاقاتیں

جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم نے پاک فوج اور ملک کے لئے ان کی خدمات کو سراہا.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس گئے جہاں انہوں نے صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران آرمی چیف نے فرائض کی ادائیگی میں تعاون پر صدر اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ممنون حسین نے پاک فوج کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل راحیل شریف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی سالمیت اور بقا کے لیے ان کے اٹھائے گئے اقدامات کو سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

وزیراعظم نوازشریف نے ملکی سلامتی ودفاع اور پاک فوج کے لئے خدمات پر جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور ریٹائرمنٹ کے بعد جنرل راحیل شریف اور ان کے خاندان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرکا الوداعی دورہ کیا۔ جہاں ان کا استقبال ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اخترنے کیا۔ آرمی چیف نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں پر آئی ایس آئی کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف منگل کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں اور اب ان کی جگہ جنرل جاوید قمر باجوہ پاک فوج کی قیادت سنبھالیں گے۔

.......

/169